-->

Education System

تدریسی نظام

بحمد اللہ تعالی دارالعلوم محمدیہ نے قرآن وحدیث اور علوم جدیدہ کی تعلیم وتربیت کا ایسا منصوبہ بنایا ہے کہ جس کے امتزاج سے ایسے افراد تیار کئے جاسکیں جو ایک طرف علوم اسلامیہ میں دسترس رکھتے ہوں تو دوسری طرف علوم عصریہ سے بھی واقفیت رکھتے ہوں ، تاکہ یہاں سے فارغ ہونے والے طلباء صحیح طورپر ملک وملت کی رہنمائی کرسکیں اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق اپنی عملی زندگی فکر ولی اللہی کے سانچے میں ڈھال سکیں۔
شعبۂ تحفیظ القرآن
دارالعلوم محمدیہ کے درجات میں اس شعبہ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اس شعبہ کے لئے ماہر اور تجربہ کار معلمین کی خدمات حاصل ہیں جس میں درجہ حفظ کے طلباء کو یتلونہ حق تلاوتہ کے مطابق غایت درجہ حسن اور عمدگی کے ساتھ قرآن پاک حفظ کرانے کا اہتمام کرایا جاتا ہے ۔
شعبۂ تجوید وقرأت
قرآن کریم بندوں کے پاس اللہ کا کلام ہے اس نازک رشتہ کے پیش نظر تجوید و قرأت کے لئے مستقل طورپر ایک درجہ کا انتظام کیا گیا ہے جس میں باقاعدہ روایت حفص کے مطابق قرأت کی تعلیم دی جاتی ہے اور عربی لب ولہجہ میں قرآن پاک کے پڑھنے کی مشق کرائی جاتی ہے مستقبل قریب میں روایت سبعہ وعشرہ کا شعبۂ بھی ان شاء اللہ قائم کیا جائے گا۔
شعبۂ ناظرہ
اس شعبہ میں مقامی طلبہ کثیر تعدادمیں ناظرہ قرآن پاک پڑھتے ہیں اس میں زیادہ تر طلبہ وطالبات وہ ہیں جو اسکولوں میں پڑھنے جاتے ہیں ان کے لئے صبح وشام کے وقت خصوصی درس کا نظم ہے۔
شعبۂ اردو دینیات
اس شعبہ میں ضروریات زندگی سے متعلق اہم دینی معلومات یعنی اسلامی عقائد، عبادات ، آداب وسیرت کی تعلیم دی جاتی ہے اور باقاعدہ اردولکھنا پڑھنا بھی سکھایا جاتاہے یہ شعبہ اپنے کارہائے نمایاں کی وجہ سے اہمیت رکھتاہے۔
شعبۂ انگلش، حساب وکنڑا
اس شعبہ کے تحت طلبا کو عصری علوم جیسے انگریزی ، کنڑی، ریاضی اور سائنس کی بھی تعلیم دی جاتی ہے تاکہ وہ تقاضوں کے پیش نظر کسی سے بھی پیچھے نہ رہ جائیں اور آگے چل کر کسی بڑے اسکول یا کالج میں داخلہ لیں تو یہاں کی ابتدائی تعلیم ان کے لئے مددگار ثابت ہو۔
شعبۂ اطفال
اس شعبہ میں مبتدی بچوں کو داخل کیا جاتاہے ابتدائی کتب نورانی قاعدہ ، اردو کا پہلا قاعدہ ، کلمہ اسلام کی تعلیم کے ساتھ نشست وبرخاست اور نوشت وخواند کے آداب سکھائے جاتے ہیں اور علمی ماحول سے مانوس کیا جاتاہے ۔
شعبۂ تعلیم بالغان
ادارہ کا یہ شعبہ بھی بہت اہم ہے اس میں عمر دراز اور کاروباری کاموں میں مشغول افراد کو بعد نماز عشاء قرآن پاک کی تعلیم دی جاتی ہے اور دینیات سے واقف کرایاجاتاہے اس شعبہ کا خاطر خواہ فائدہ سامنے آیا ہے بڑے اور بوڑھے لوگوں میں قرآن پاک کے سیکھنے کا جذبہ پیداہواہے۔
مکاتب
ادارہ نے دیہات کے دور افتادہ علاقوں میں صباحی ومسائی مکاتب کا بھی نظم کیا ہے جس میں مسلم بچے بچیوں کو علم دین سیکھنے کا موقع فراہم کیا جاتاہے ۔
مدرسہ عربیہ حسنیہ احمد نگر بنگلور میں صبح وشام کثیر تعداد میں بچے تعلیم پا رہے ہیں جس کی ذمہ داری قاری عبدالباری حبانی صاحب کو دی گئی ہے مدرسہ کی ایک شاخ دارالعلوم اسعدیہ گوری بدنور میں بھی قائم ہے جس کی ذمہ داری جناب فخرالدین صاحب اور ان کے ساتھیوں کو دی گئی ہے جہاں دوسوبچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
تعداد طلبہ
شاخوں اور مکتبوں میں تعلیم پانے والے بچوں کی تعداد پانچ سو(۵۰۰) ہے اور ہاسٹل میں مقیم مختلف ریاستوں کے غریب ویتیم طلباء کی تعداد ایک سو پچاس(۱۵۰) ہے جن کے قیام وطعام علاج ومعالجہ ودیگر ضروریات کی کفالت من جانب دارالعلوم محمدیہ کی جاتی ہے ۔
انجمن اصلاح اللسان
مدرسہ میں طلباء کی انجمن اصلاح اللسان کے نام سے قائم ہے جس کا بنیادی مقصد طلباء کو اصلاحی واعظ ومقرر، ملک وملت کا بہترین پاسبان اور دین ومتین کا داعی بنانا ہے انجمن کے ہفتہ واری اجلاس اساتذہ کے زیر نگرانی ہوتے ہیں طلباء مختلف عنوانات پر تقاریر ،مکالمہ جات اورحمد ونعت پیش کرتے ہیں۔
شعبۂ تبلیغ
عام کاروباری مسلمان مدرسہ میں داخلہ لے کر تعلیم حاصل نہیں کرسکتے اس لئے ایسے حضرات تک مدرسہ کے قرب وجوار میں جماعتیں بھیجی جاتی ہیں جو دعوت اسلام اور تبلیغ دین کا کام کرتے ہیں 
دارالمطالعہ
دارالعلوم محمدیہ کے پاس مستقل کوئی کتب خانہ تو نہیں البتہ مختلف علوم وفنون کی کتابیں عارضی طور پر دفتر اہتمام میں رکھ دی گئی ہے اس شعبہ کے لئے مستقل عمارت اور درسی کتابوں کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے ۔
فارغ طلبہ کی تعداد
سن ۱۹۸۹ء سےاب تک چھ سو اسی(۶۸۰) سے زائد طلباء یہاں سے فارغ ہوچکے ہیں ان میں سے خاصی تعدادمیں ہندوستان کے مؤقر ادارے دارالعلوم دیوبند، مظاہر العلوم سہارنپور ، ندوۃ العلماء لکھنؤاور جامعہ اشرف العلوم گنگوہ مدرسہ خادم العلوم باغونوالی مظفرنگر یوپی میں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔
اخراجات
تعمیرات کے علاوہ مطبخ ، اساتذہ کی تنخواہ ودیگر ضروریات کے لئے سالانہ تقریباً پچپن (۵۵) لاکھ روپے مدرسے کا صرفہ ہوتاہے جو عام مخیر لوگوں کے تعاون سے پوراہوتا ہے۔
شعبۂ اہتمام
دارالعلوم محمدیہ بنگلور کے تعلیمی اور اندرونی انتظامی امور کی محمدیہ ایجوکیشنل چاریٹیبل ٹرسٹ رجسٹرڈ کے چےئر مین اور دارالعلوم محمدیہ کے بانی ومہتمم حضرت مولانا محمد ادریس حبان رحیمی صاحب سرپرستی فرماتے ہیں صبح کے اوقات میں پابندی سے دارالعلوم محمدیہ تشریف لاتے ہیں اور دفتر اہتمام میں تشریف رکھتے ہیں اور ضروریات اور تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عملہ کے ذمہ داران کو ہدایات فرماتے ہیں ناظم تعلیمات، صدرالمدرسین، ناظم تعمیرات حضرت مہتمم صاحب کے مشورہ اور رہنمائی پر عمل کرتے ہیں۔
شعبۂ تعلیمات
دارالعلوم محمدیہ کا یہ اہم شعبہ ہے مقامی اور بیرونی طلباء کے تعلیمی اور تربیتی نظام کو سنبھالنا اور اسدارالعلوم محمدیہ کا یہ اہم شعبہ ہے مقامی اور بیرونی طلباء کے تعلیمی اور تربیتی نظام کو سنبھالنا اور اس میں استحکام پیدا کرنا ناظم تعلیمات کی ذمہ داری ہے اس کے لئے حبیب الامت حضرت مولانا رحیمی صاحب مدظلہ کے خلف الرشید مولانا حکیم محمد عثمان حبان دلدار قاسمی ناظم تعلیمات کی حیثیت سے ذمہ داری نبھاتے ہیں موصوف نہایت فعال اور بروقت اقدام کے لئے ہمہ وقت مستعد رہتے ہیں۔
شعبۂ تعمیرات
دارالعلوم محمدیہ بنگلور ابتدائی مراحل سے گذرکر ترقی کی جانب گامزن ہے اور تعمیری کام مسلسل جاری رہتا ہے اس کے لئے مستقل ایک شعبہ ’’تعمیرات‘‘ کے نام سے قائم ہے حافظ قاری محمد افضل رحیمی ناظم تعمیرات کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہے ہیں موصوف نہایت فعال اور تعمیری کام پر نہایت لطیف نظر رکھتے ہیں اور تعمیراتی اثاثے کی مخلصانہ حفاظت میں لگے رہتے ہیں۔
شعبۂ مالیات
مالیات کی فراہمی اور اس کو صحیح طور پر صرف کرنا یہ ادارہ کے ذمہ داروں کا اہم فریضہ ہے اس کے لئے جس شخص کو ذمہ داری دی جاتی ہے ضروری ہے کہ وہ شخص جملہ صفات عالیہ کے ساتھ متقی ،پرہیزگار اور دیانتدار ہو الحمدللہ عالی جناب الحاج سمیع اللہ خان صاحب مد ظلہ ’’بطور خازن ‘‘اس شعبہ کو بخوبی سنبھال رہے ہیں اور اخراجات کی تکمیل کے لئے سبھی حضرات اپنے اپنے طورپر کوشش کرتے ہیں اپنی جانب سے بھی اور اپنے رفقاء کرام کی جانب سے بھی مالی امداد فراہم کراتے ہیں رمضان میں خصوصاً سید افضل پاشاہ صاحب اور سید افضل صاحب ڈاکٹر محمد فاروق اعظم قاسمی اپنے رفقاء کرام کو متوجہ کرتے ہیں۔
حساب وکتاب
دارالعلوم محمدیہ بنگلور کا حساب وکتاب بھی منظم طریقہ پر رکھا جاتاہے جس کے لئے جناب محمد عرفان صاحب آڈیٹر کی خدمات حاصل ہیں موصوف ہر ماہ کا حساب لگجر میں درج کرتے ہیں اور کمپیوٹر میں بھی حساب وکتاب محفوظ رہتاہے سال بھر گذرنے کے بعد اس کو آڈٹ کراتے ہیں جس کی نگرانی اور سرپرستی ٹرسٹ کے وائس چےئرمین جناب الحاج محمد سلیم صاحب سی اے کرتے ہیں اس طرح حساب وکتاب پر گہری نظر رہتی ہے اور صاف شفاف انداز میں ریکارڈ محفوظ رہتاہے دارالعلوم محمدیہ کو روز اول سے ہی قوم کے سرمائے کو شفاف انداز سے صرفہ میں لانے کا افتخار حاصل ہے اور حساب وکتاب کے ماہرین سے مشورہ اور رہنمائی حاصل کی جاتی ہے۔
دارالعلوم محمدیہ کے اطراف واکناف کا ماحول
دارالعلوم محمدیہ چونکہ ایسے جائے وقوع پر قائم ہے جہاں اہل محلہ کثیر تعداد میں بستے ہیں اس لئے اطراف واکناف کے ماحول کو صاف شفاف رکھنے اور سماجی برائیوں سے نمٹنے کے لئے کچھ فعال حضرات بھی اپنی خدمات معاشرہ کے لئے وقف کئے رہتے ہیں ٹرسٹ کے نائب صدور جناب الحاج محمد اسلم پاشاہ صاحب اور جناب سیدنواب جان صاحب ہمیشہ اس کی فکر رکھتے ہیں کہ آج کے پرفتن ماحول میں دارالعلوم محمدیہ کے اطراف سماجی برائیاں نہ پیدا ہوں جس سے دارالعلوم محمدیہ کے ماحول پر اثر پڑسکتاہے اس لئے دونوں صدر محترم سماجی اور معاشرتی فکر مندی رکھتے ہوئے ماحول پر خصوصی نظر رکھتے ہیں اور خارجی معاملات میں خصوصی دخل حاصل ہے ۔
شعبۂ نشر واشاعت
آج کے مواصلاتی دور میں جب کہ میڈیا نے عالمی پیمانہ پر غلبہ حاصل کرلیا ہے اس شعبہ کا متحرک ہونا لازمی ہے چنانچہ واٹس اپ، فیس بک اور مختلف اخبارات و رسائل کے ذریعہ دینی ، مذہبی اور معاشرتی تشخص کو اجاگر کیا جاتاہے سماجی ، معاشرتی ، تعلیمی اور اقتصادی مسائل پر مشتمل مضامین شائع ہوتے ہیں اور مسلمانوں میں اتحاد واتفاق کی ہر ممکن کوشش بروئے کار لائی جاتی ہے نفاق اور انتشار سے بچنے اور امت واحدہ کی حیثیت سے زندگی گذارنے کے طور طریقوں کو اہمیت دی جاتی ہے نیز ماہنامہ نقوش عالم جو حبیب الامت حضرت مولانا ڈاکٹر حکیم محمد ادریس حبان رحیمی مدظلہ العالی مہتمم مدرسہ ہذا کا ذاتی رسالہ ہے جس کی ادارت ڈاکٹر محمد فاروق اعظم قاسمی کرتے ہیں مجلس ادارت میں ہندوستان کے سرکردہ علماء کرام کے اسماء گرامی شامل ہیں ۔ اس رسالہ کے ذریعہ بھی دارالعلوم محمدیہ کی جد و جہد اور امت محمدیہ کی ضروریات کے پیش نظر مختلف موضوعات پر مضامین شائع کئے جاتے ہیں، الحمد للہ ہندوستان بھر کی مختلف ریاستوں میں خصوصاً کرناٹک، آندھرا پردیش، تمل ناڈو، تلنگانہ اور کیرالا کی ایک بڑی تعداد تک یہ رسالہ پہونچتا ہے اور اکابرین امت اور بزرگانِ دین کے فیوض کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ انٹرنیت اور کمپیوٹر کے ذریعہ اس اشاعتی نظام کو لوگوں تک پہونچانے کے لئے مولانا فہیم احمد قاسمی اور جناب محمد نظام الدین صاحب خصوصی لگن و دلچسپی سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔



طلباء دارالعلوم محمدیہ دینی، علمی اور اصلاحی ترجمان
ماہنامہ ندائے حبان

بحمد اللہ تعالیٰ طلباء دارالعلوم محمدیہ بنگلورمیں پڑھنے اور لکھنے کا شوق اور ان میں مضمون نگاری اور قلمی قوت پیدا کرنے کیلئے اساتذۂ کرام کی زیر نگرانی دینی، علمی اور اصلاحی ترجمان ماہنامہ ندائے حبان نامی دیواری پرچہ کا اہتمام پابندی کے ساتھ کیا جاتا ہے ، ماشاء اللہ طلباء جس میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور شوق و جستجو کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف موضوعات پر قلمی کاوشوں کے ذریعہ اپنی صلاحیت کو نکھارنے اور فن جریدہ سازی میں مہارت حاصل کر رہے ہیں۔الحمد للہ آنے والے حضرات اس کاوش کی خوب پذیرائی کرتے ہوئے دلچسپی سے مطالعہ فرماتے ہیں۔